Mon, September 21, 2026

فیفا آسیان کپ: پاکستان فٹبال ٹیم کے 23 رکنی سکواڈ کا اعلان

فیفا آسیان کپ: پاکستان فٹبال ٹیم کے 23 رکنی سکواڈ کا اعلان

اسلام آباد : پاکستان فٹبال فیڈریشن نے فیفا آسیان کپ کے لیے قومی ٹیم کے 23 رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا ہے۔ ٹورنامنٹ 25 ستمبر سے 5 اکتوبر تک جاری رہے گا، جبکہ پاکستان گروپ بی میں اپنی مہم کا آغاز کرے گا۔

قومی ٹیم کے ہیڈ کوچ نولبرٹو سولانو ویزا کے معاملے کے باعث اسلام آباد میں جاری تربیتی کیمپ میں شرکت نہیں کرسکے۔ وہ ٹورنامنٹ شروع ہونے سے قبل انڈونیشیا پہنچ کر قومی ٹیم کے ساتھ شامل ہوں گے۔ کوچ کی غیر موجودگی میں اسسٹنٹ کوچز ٹائٹس برامبل اور ولید جاوید نے کھلاڑیوں کی تربیت کی ذمہ داری سنبھالی۔

پی ایف ایف کے مطابق حتمی سکواڈ میں پاکستان میں موجود کھلاڑیوں کے ساتھ بیرون ملک کھیلنے والے قومی ٹیم کے فٹبالرز بھی شامل ہیں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سولانو کی جانب سے ویزا درخواست غلط کیٹیگری میں جمع کرائی گئی تھی، جس کے بعد نئی درخواست دائر کی گئی، تاہم اس عمل کے باعث ویزا کے اجرا میں تاخیر ہوئی۔

عبداللہ اقبال کو قومی ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے، جبکہ تجربہ کار فارورڈ کلیم اللہ کی بھی سکواڈ میں واپسی ہوئی ہے۔ انڈر 17 ٹیم کے کپتان عبدالصمد کو بھی سینئر ٹیم میں شامل کرلیا گیا ہے، جو حال ہی میں آذربائیجان کے کلب قرہ باغ ایف کے کے ساتھ دو سالہ معاہدہ کرچکے ہیں۔

پاکستان فٹبال فیڈریشن کے صدر سید محسن گیلانی نے اسلام آباد کے جناح سٹیڈیم میں قومی ٹیم کے تربیتی کیمپ کا دورہ کیا اور کھلاڑیوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں پاکستان کو عالمی رینکنگ میں بہتر مقام رکھنے والی ٹیموں کے خلاف کھیلنے کا موقع ملے گا، جو قومی کھلاڑیوں کے لیے اہم تجربہ ہوگا۔

پاکستان گروپ بی میں تھائی لینڈ، فلپائن اور ویتنام کے ساتھ شامل ہے۔ قومی ٹیم 26 ستمبر کو تھائی لینڈ، 29 ستمبر کو فلپائن جبکہ 2 اکتوبر کو ویتنام کے خلاف گروپ مرحلے کا میچ کھیلے گی۔

پاکستان کا 23 رکنی سکواڈ
یوسف بٹ، حسن علی، ثاقب حنیف، عبداللہ شاہ، عبد الرحمن، علی خان، علی آغا، حیان خٹک، علی وزیر، عالمگیر غازی، علی رضا، عبدالصمد ارشد، کلیم اللہ، شائیک دوست، عبداللہ اقبال، عیسیٰ سلیمان، محب اللہ، مامون خان، محمد فضل، حارث زیب، عمر نواز، عبدالصمد اور علی خان۔

ٹیگز: