Mon, September 21, 2026

انڈر 19 کرکٹرز کے لیے تاریخی فیصلہ، پی سی بی نے سینٹرل کنٹریکٹس دینے کا اعلان کردیا

انڈر 19 کرکٹرز کے لیے تاریخی فیصلہ، پی سی بی نے سینٹرل کنٹریکٹس دینے کا اعلان کردیا

لاہور : پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑیوں کے لیے پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹس متعارف کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ یہ فیصلہ نوجوان کرکٹرز کی حوصلہ افزائی اور ان کی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کے لیے کیا گیا ہے۔

قومی انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑیوں اور کوچنگ اسٹاف نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کی، جس کے دوران بورڈ کی جانب سے سینٹرل کنٹریکٹس دینے کے فیصلے سے آگاہ کیا گیا۔

محسن نقوی نے انگلینڈ میں شاندار کارکردگی دکھانے والی قومی انڈر 19 ٹیم کے کھلاڑیوں کو مبارکباد دی اور ان کی محنت کو سراہا۔ اس موقع پر ہیڈ کوچ شاہد انور اور کھلاڑیوں نے بھی چیئرمین پی سی بی کا شکریہ ادا کیا۔

ہیڈ کوچ شاہد انور نے کہا کہ نوجوان کھلاڑیوں کو ان کی کارکردگی کا صلہ ملنا ان کے اعتماد میں اضافے کا سبب بنے گا۔ ان کے مطابق پہلی مرتبہ سینٹرل کنٹریکٹس ملنے سے کھلاڑی مزید محنت کے ساتھ اپنی کارکردگی بہتر بنانے پر توجہ دیں گے۔

انڈر 19 ٹیم کے کپتان فرحان یوسف نے بھی پی سی بی کے فیصلے کو خوش آئند قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ملتان میں منعقد ہونے والے ڈیولپمنٹ کیمپس سے نوجوان کرکٹرز کو بہت فائدہ ہوا اور گزشتہ دو برسوں کے دوران ان کیمپس کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔

فرحان یوسف کے مطابق چیئرمین پی سی بی سے ملاقات کھلاڑیوں کے لیے حوصلہ افزا رہی، جبکہ انڈر 19 سطح پر سینٹرل کنٹریکٹس کا اجرا ان کے لیے ایک اہم اور خوش آئند پیش رفت ہے۔

دوسرے کھلاڑیوں نے بھی کہا کہ سینٹرل کنٹریکٹس سے انہیں اپنی کرکٹ پر زیادہ توجہ دینے اور مستقبل کے اہداف پر بہتر انداز میں کام کرنے کا موقع ملے گا۔ ان کے مطابق مالی استحکام سے نوجوان کرکٹرز کو اپنے خاندانوں کی مدد کرنے میں بھی آسانی ہوگی۔

کھلاڑیوں نے اس فیصلے پر محسن نقوی اور پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے ملک میں نوجوان کرکٹرز کو آگے بڑھنے کے لیے مزید حوصلہ ملے گا۔

ٹیگز: