Mon, September 21, 2026

معاذ صداقت نے سی پی ایل فائنل میں ایک اور نئی تاریخ رقم کردی

معاذ صداقت نے سی پی ایل فائنل میں ایک اور نئی تاریخ رقم کردی

برج ٹاؤن : پاکستانی بیٹر معاذ صداقت نے کیریبین پریمیئر لیگ (CPL) 2026 کے فائنل میں شاندار سنچری بنا کر ایک اور اہم ریکارڈ اپنے نام کرلیا، تاہم ان کی جارحانہ اننگز جمیکا کنگز کو فتح نہ دلا سکی۔

برج ٹاؤن میں کھیلے گئے فائنل میں جمیکا کنگز کی جانب سے کھیلتے ہوئے معاذ صداقت نے 58 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 114 رنز سکور کیے۔ ان کی اننگز میں 8 چوکے اور 9 چھکے شامل تھے۔

معاذ کی یہ سنچری انہیں فرنچائز ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کے فائنل میں سنچری بنانے والا پہلا پاکستانی بیٹر بنا گئی، جبکہ وہ سی پی ایل کے فائنل میں بھی سنچری سکور کرنے والے پہلے بیٹر بن گئے۔

معاذ نے ٹورنامنٹ کے ایلیمینیٹر میں بھی اپنی بیٹنگ کا لوہا منوایا تھا، جہاں انہوں نے 49 گیندوں پر 112 رنز کی برق رفتار اننگز کھیلی اور سی پی ایل میں کم عمری میں سنچری بنانے کا اعزاز حاصل کیا۔

فائنل میں معاذ کی شاندار بیٹنگ کے نتیجے میں جمیکا کنگز نے 170 رنز کا مجموعہ قائم کیا، لیکن اینٹیگوا اینڈ باربوڈا فالکنز نے ہدف کا تعاقب کامیابی سے مکمل کرتے ہوئے 20 گیندیں قبل ہی صرف دو وکٹوں کے نقصان پر میچ جیت لیا۔

114 رنز کی اننگز کے ساتھ معاذ نے سی پی ایل فائنل میں سب سے بڑی انفرادی اننگز کا ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا۔ اس سے قبل یہ ریکارڈ لینڈل سمنز اور برینڈن کنگ کے نام تھا۔

سی پی ایل 2026 میں معاذ نے سات میچز کے دوران 363 رنز بنائے، جبکہ ان کا سٹرائیک ریٹ 174.52 اور بیٹنگ اوسط 60.50 رہی۔ پی ایس ایل اور سی پی ایل میں رواں سال ان کے مجموعی رنز 653 تک پہنچ چکے ہیں، جن میں دو سنچریاں اور دو نصف سنچریاں شامل ہیں۔

ٹیگز: