لاہور: پنجاب کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کا دوسرا اسپیل جاری ہے، جس کے باعث کئی شہروں میں معمولات زندگی متاثر ہو گئے ہیں۔
لاہور میں بارش کے بعد مختلف علاقوں میں صورتحال خراب ہوگئی، جبکہ شوکت خانم کے قریب سڑک پر دو مقامات پر گڑھے پڑنے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
سیالکوٹ اور گوجرانوالہ سمیت دیگر علاقوں میں بھی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ سرائے عالمگیر میں شدید بارش کے باعث مین جی ٹی روڈ پر پانی جمع ہوگیا، جس سے سڑک تالاب کا منظر پیش کرنے لگی اور ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی۔
ادھر دریائے چناب میں نچلے درجے کے سیلاب کے باعث جلالپور بھٹیاں میں دریا کنارے آبادیاں خالی کرائی جا رہی ہیں، جبکہ متعدد دیہات سے لوگ محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہو رہے ہیں۔
دریائے ستلج میں ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر قصور انتظامیہ کو الرٹ کر دیا گیا ہے، جبکہ احمد پور شرقیہ میں ریسکیو اداروں کی جانب سے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مشقیں جاری ہیں۔