اسلام آباد: وفاقی حکومت نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کے نئے نرخ جاری کر دیے، جس کے تحت پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل دونوں مہنگے کر دیے گئے ہیں۔
پیٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 31 روپے 5 پیسے فی لیٹر کا نمایاں اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کی نئی قیمت 354 روپے 35 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
اسی طرح پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 5 روپے 44 پیسے کا اضافہ کیا گیا، جس کے بعد صارفین کو اب ایک لیٹر پیٹرول 316 روپے 15 پیسے میں دستیاب ہوگا۔
حکومت اس سے قبل پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار میں تبدیلی کا اعلان کر چکی ہے، جس کے تحت اب قیمتوں کا جائزہ اور اعلان روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔
وفاقی وزیرِ پیٹرولیم علی پرویز ملک نے وزیرِ اطلاعات عطا اللہ تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ خطے میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتوں میں دوبارہ تیزی دیکھنے میں آئی ہے، جس کے نتیجے میں دنیا بھر میں ایندھن اور توانائی کے نرخ بڑھ رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت پیٹرولیم سیکٹر میں ڈی ریگولیشن کا عمل آگے بڑھا رہی ہے تاکہ قیمتوں کے تعین کا نظام مزید شفاف بنایا جا سکے۔ ان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی کابینہ کے فیصلے کے تحت اب آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) بین الاقوامی مارکیٹ کی صورتحال کے مطابق روزانہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین کرے گی اور نئی قیمتیں اپنی ویب سائٹ پر جاری کرے گی۔
علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ اس نئے نظام کے تحت عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والی کمی یا اضافے کے اثرات براہِ راست مقامی مارکیٹ میں بھی ظاہر ہوں گے، جس سے قیمتوں کے تعین کا عمل زیادہ شفاف اور مارکیٹ کے مطابق ہو جائے گا۔