اسلام آباد: حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں پر نظرثانی کرتے ہوئے نئی نرخوں کا اعلان کر دیا ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق تازہ قیمتوں کا اطلاق یکم سے 3 اگست تک ہوگا۔
نوٹیفکیشن کے تحت پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 12 پیسے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 66 پیسے کی کمی کی گئی ہے، جس کے بعد پیٹرول 336 روپے 3 پیسے فی لیٹر میں دستیاب ہوگا، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی نئی قیمت 392 روپے 38 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔
حکومت کی جانب سے یہ معمولی ریلیف ایسے وقت میں دیا گیا ہے جب ایک روز قبل ہی پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا گیا تھا۔ گزشتہ اعلان کے تحت پیٹرول ایک روپے 9 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 2 روپے 42 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا تھا۔
تازہ فیصلے کے بعد اگرچہ دونوں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی آئی ہے، تاہم نرخ اب بھی حالیہ اضافے کے بعد بلند سطح پر برقرار ہیں۔