Thu, September 17, 2026

پی ڈی ایم اے کا انتباہ: بالائی پنجاب میں طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹنگ کا خدشہ

پی ڈی ایم اے کا انتباہ: بالائی پنجاب میں طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹنگ کا خدشہ

مری، راولپنڈی، سیالکوٹ اور بہاولپور میں بارشیں ریکارڈ، ہائی الرٹ جاری

لاہور:پی ڈی ایم اے پنجاب نے خبردار کیا ہے کہ بالائی پنجاب میں طوفانی بارشوں اور کلاؤڈ برسٹنگ کے امکانات شدت اختیار کر رہے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مری، راولپنڈی، سیالکوٹ اور بہاولپور میں بارشیں ریکارڈ کی گئی ہیں اور آئندہ 24 گھنٹوں میں صوبے کے بیشتر علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے کہا ہے کہ مون سون بارشوں کا ساتواں اسپیل خاصا طاقتور ہوگا اور اس دوران طوفانی بارشوں کا خدشہ ہے۔ انہوں نے متعلقہ حکام کو ہائی الرٹ رہنے اور حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کی ہدایات دی ہیں۔

سیلابی صورتحال کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ دریائے سندھ کے تربیلا اور تونسہ کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے، جبکہ کالاباغ اور چشمہ میں درمیانے درجے کا سیلاب پایا جاتا ہے۔ دریائے ستلج کے گنڈا سنگھ والا مقام پر بھی نچلے درجے کا سیلاب ہے۔ دریں اثنا دریائے چناب، جہلم اور راوی میں پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔

تربیلا ڈیم تقریباً 98 فیصد جبکہ منگلا ڈیم 68 فیصد تک بھر چکا ہے۔ بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح بھی 70 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے تاکہ کسی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب میں بارشوں کے باعث کوئی جانی یا مالی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔ تاہم، سال کے آغاز سے اب تک 164 افراد جاں بحق، 582 زخمی اور سیکڑوں گھروں اور مویشیوں کو نقصان پہنچا ہے۔

ٹیگز: