اسلام آباد : محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں مون سون بارشوں کا نیا سلسلہ شروع ہونے والا ہے، جو آئندہ چند دنوں کے دوران کئی علاقوں کو متاثر کرے گا۔
محکمہ کا کہنا ہے کہ آج 13 جولائی سے مغربی ہوائیں ملک میں داخل ہو رہی ہیں، جس کے نتیجے میں اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بادل برسنے کا امکان ہے۔ خیبر پختونخوا، پنجاب اور بلوچستان میں 13 سے 17 جولائی کے دوران مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارشیں ہوں گی، جبکہ کچھ مقامات پر موسلادھار بارش بھی ہو سکتی ہے۔
سندھ کے شہریوں کے لیے بھی بارش کی خبر ہے کہ 15 سے 17 جولائی کے دوران تھرپارکر، میرپور خاص، کراچی اور دیگر علاقوں میں بارش کی توقع ہے۔ محکمہ موسمیات نے وارننگ جاری کی ہے کہ بارشوں سے ندی نالوں میں طغیانی آ سکتی ہے اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی ہے۔ عوام اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔