اسلام آباد: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے خبردار کیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے سائے عالمی معیشت کے لیے زہرِ قاتل ثابت ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایران اور امریکہ کے درمیان کشیدگی کا حل صرف میز پر بیٹھ کر ہی نکالا جا سکتا ہے، کیونکہ دنیا اب کسی تیسرے عالمی معرکے کی سکت نہیں رکھتی۔
بلاول بھٹو نے واضح کیا کہ ایران میں جنگ یا کشیدگی کے اثرات صرف سرحدوں تک محدود نہیں رہتے بلکہ مہنگائی کی صورت میں پاکستان کے عام شہری کے چولہے تک پہنچتے ہیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ واشنگٹن اور تہران کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوں گے تاکہ عالمی سپلائی چین اور معاشی استحکام برقرار رہ سکے۔بلاول بھٹو نے بتایا کہ مشکل معاشی حالات میں پیپلز پارٹی نے عوامی مفاد کو مقدم رکھا ہے۔ انہوں نے صوبائی اقدامات کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا پٹرول کی بڑھتی قیمتوں سے عوام کو بچانے کے لیے سندھ میں ٹرانسپورٹرز اور موٹر سائیکل سواروں کو فیول سبسڈی دی گئی۔
'بینظیر ہاری کارڈ' کے ذریعے چھوٹے کسانوں (25 ایکڑ تک) کی براہِ راست مالی معاونت کی گئی تاکہ غذائی تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔مہنگی بجلی کے ستائے غریب طبقے کے لیے مفت سولر کٹس کی فراہمی کا منصوبہ کامیابی سے جاری ہے۔
چیئرمین پی پی پی نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے 50 فیصد سبسڈی دینے کے بعد اب گیند صوبوں کے پاس ہے۔ انہوں نے دیگر صوبائی حکومتوں کو بھی مشورہ دیا کہ وہ سندھ کی طرز پر اپنے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائیں۔