Thu, September 17, 2026

آزاد کشمیر میں ن لیگ کی کامیابی، اصل امتحان اب شروع ہوا ہے: مریم نواز

آزاد کشمیر میں ن لیگ کی کامیابی، اصل امتحان اب شروع ہوا ہے: مریم نواز

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر کے عوام نے مسلم لیگ (ن) کو اکثریت دے کر تعمیر و ترقی کے حق میں فیصلہ دیا اور انتشار، تشدد، احتجاج اور ہڑتالوں کی سیاست کو مسترد کردیا۔

مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے آزاد کشمیر انتخابات میں کامیابی پر پارٹی رہنماؤں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ امیر مقام، رانا ثنا اللہ، طارق فضل چوہدری سمیت تمام قائدین نے انتخابی مہم میں بھرپور محنت کی۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ مشکل حالات میں کشمیری عوام نے بہترین فیصلہ کیا، دنگا فساد اور انتشار کی سیاست کو ووٹ کی طاقت سے شکست دی گئی۔ پاکستان اور آزاد کشمیر کو لڑانے کی کوشش کرنے والے عناصر کے لیے یہ شکست فاش ہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ انتخاب بڑا ٹیسٹ نہیں تھا، اب مسلم لیگ (ن) کا اصل امتحان شروع ہوا ہے۔ آزاد کشمیر میں کابینہ تشکیل پاتے ہی ضروری کام شروع کیے جائیں گے اور بجٹ عوام کی فلاح و بہبود پر خرچ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے خلاف جتنی سازشیں ہوئی ہیں، شاید ہی کسی دوسری جماعت کے خلاف ہوئی ہوں۔ سندھ، بلوچستان سمیت پورے ملک میں ترقی کے آثار مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی کا نتیجہ ہیں، جبکہ ترقی کے نشان پر نواز شریف کا نام نمایاں ہے۔

ٹیگز: