Wed, September 16, 2026

آزاد کشمیر کے عوام نے تعمیر و ترقی کے حق میں فیصلہ دیا، مسلم لیگ (ن) کی کامیابی واضح ہے: عطا تارڑ

آزاد کشمیر کے عوام نے تعمیر و ترقی کے حق میں فیصلہ دیا، مسلم لیگ (ن) کی کامیابی واضح ہے: عطا تارڑ

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات میں عوام نے بڑی تعداد میں شرکت کرکے جمہوری عمل کو مضبوط کیا، جبکہ مسلم لیگ (ن) نے دوسرے مرحلے میں بھی کامیابی حاصل کی ہے۔

اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ (ن) کو سادہ اکثریت حاصل ہو چکی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام نے تعمیر و ترقی اور کارکردگی کی بنیاد پر مسلم لیگ (ن) پر اعتماد کا اظہار کیا۔

انہوں نے پیپلز پارٹی رہنما شرجیل انعام میمن کی جانب سے لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ الزامات لگانے والوں کو اپنے دعوؤں کے حق میں شواہد بھی پیش کرنے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بے بنیاد الزام تراشی سے سیاسی ماحول کو نقصان پہنچتا ہے۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پیپلز پارٹی کو تحمل کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور انتخابی نتائج کو جمہوری انداز میں قبول کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات جمہوریت کا حصہ ہیں، تاہم الزام تراشی کسی مسئلے کا حل نہیں۔

عطا تارڑ نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف نے گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کی کامیابی پر مبارکباد دے کر مثبت سیاسی روایت قائم کی۔

انہوں نے مزید کہا کہ عوامی مینڈیٹ کا احترام کرنا تمام سیاسی جماعتوں کی ذمہ داری ہے اور جمہوری نظام اسی طرز عمل سے مضبوط ہوتا ہے۔

ٹیگز: