Wed, September 16, 2026

مسلم لیگ (ن) کی کامیابی عوامی اعتماد کا اظہار ہے، آزاد کشمیر کے لوگوں نے ترقی کو ترجیح دی: عظمیٰ بخاری

مسلم لیگ (ن) کی کامیابی عوامی اعتماد کا اظہار ہے، آزاد کشمیر کے لوگوں نے ترقی کو ترجیح دی: عظمیٰ بخاری

لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی کامیابی عوامی اعتماد کا اظہار ہے اور عوام نے کارکردگی، ترقی اور خدمت کی سیاست کو ترجیح دی ہے۔

لاہور میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی سے متاثر ہیں، جبکہ خواتین ووٹرز نے بھی بڑی تعداد میں پولنگ کے عمل میں حصہ لیا اور مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ ترقیاتی منصوبوں اور عوامی خدمت کو اپنی سیاست کا محور بنایا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ عوام نے انتشار اور فساد کی سیاست کو مسترد کر دیا ہے۔

وزیر اطلاعات پنجاب نے پیپلز پارٹی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ 18 سال اقتدار میں رہنے کے باوجود وہ اپنی کارکردگی عوام کے سامنے پیش نہیں کر سکی۔ انہوں نے کہا کہ جو جماعت اپنی کارکردگی بیان نہ کر سکے، یہ اس کی سیاسی ناکامی ہے۔

عظمیٰ بخاری نے دھاندلی کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ مخالفین نے الیکشن کمیشن میں کوئی درخواست جمع نہیں کرائی اور صرف میڈیا کے ذریعے الزامات لگائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں شکست کے بعد دھاندلی کے الزامات لگانا معمول بن چکا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی معاملات پر سنجیدہ انداز میں بات ہونی چاہیے اور کسی بھی سنجیدہ معاملے پر قیادت کی سطح پر جواب دیا جائے گا۔

ٹیگز: