اسلام آباد : وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے ملکی معیشت کی موجودہ صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی معیشت اب استحکام کے بعد ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہو چکی ہے۔وزیر خزانہ نے صنعتوں کے فروغ کو ترجیح قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال سیمنٹ کی برآمدات میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے اور صنعتکاروں کے تمام جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کی پوری کوشش ہے کہ پالیسی ریٹ کو سنگل ڈیجٹ پر لایا جائے تاکہ کاروباری لاگت میں کمی آئے۔ آئی ایم ایف کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اپنی معاشی اصلاحات کے لیے عالمی ادارے کے پاس جانا پڑتا ہے۔
وفاقی وزیر نے تصدیق کی کہ ملک کے زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن کے ذریعے نظام میں شفافیت لائی جا رہی ہے تاکہ کرپشن کا خاتمہ ہو اور ٹیکس نیٹ بڑھے۔ پراپرٹی سیکٹر کے حوالے سے انہوں نے نوید سنائی کہ اس شعبے پر کام ہو رہا ہے اور جلد قوم کو "اچھی خبر" دیں گے۔
محمد اورنگزیب نے اعادہ کیا کہ معاشی اصلاحات کے عمل کو تیز کر دیا گیا ہے جس کے ثمرات جلد عام آدمی تک پہنچنا شروع ہو جائیں گے۔