کیلیفورنیا : یوٹیوب نے اپنی نئی سہولت کے ذریعے صارفین کو یہ موقع فراہم کر دیا ہے کہ وہ اپنی پسندیدہ زبان میں کوئی بھی ویڈیو دیکھ اور سن سکیں گے۔ یوٹیوب نے اے آئی پر مبنی آٹو ڈبنگ کی سہولت کو بڑے پیمانے پر متعارف کرایا ہے، جس سے اب ناظرین کسی بھی ویڈیو کا مادری زبان میں ترجمہ شدہ ورژن دیکھ سکیں گے۔
اب یوٹیوب کی آٹو ڈبنگ 27 زبانوں کو سپورٹ کرتی ہے، اور ناظرین اپنی پسند کی زبان آسانی سے یوٹیوب کی ترتیبات میں منتخب کر سکتے ہیں۔ جب بھی ڈب شدہ ورژن دستیاب ہو گا، یوٹیوب خودبخود ویڈیو کو اس زبان میں چلا دے گا۔
یہ تبدیلی ویڈیوز کو دنیا بھر میں زیادہ قابل رسائی بنانے کی ایک بڑی کوشش ہے، اور اس میں خاص طور پر "ایکسپریسیو اسپیچ" ٹیکنالوجی کا اضافہ کیا گیا ہے، جو تخلیق کار کے اصل لہجے، جذبات اور بولنے کے انداز کو برقرار رکھتا ہے۔ اس کا مقصد وہ مکینیکل وائس اوورز ختم کرنا ہے جو اکثر ڈب شدہ مواد کو غیر قدرتی بنا دیتے ہیں۔
فی الحال یہ سہولت انگریزی، فرانسیسی، جرمن، ہندی، انڈونیشی، اطالوی، پرتگالی اور ہسپانوی زبانوں میں دستیاب ہے، اور یوٹیوب نے یہ بھی بتایا کہ جلد ہی مزید زبانوں میں بھی یہ سہولت فراہم کی جائے گی۔