Wed, September 16, 2026

پاک افغان سرحد پر بلا اشتعال فائرنگ، پاک فوج کی جوابی کارروائی، 200 سے زائد طالبان ہلاک

پاک افغان سرحد پر بلا اشتعال فائرنگ، پاک فوج کی جوابی کارروائی، 200 سے زائد طالبان ہلاک

اسلام آباد :  افغانستان کی طرف سے پاک افغان سرحد پر بلا اشتعال فائرنگ کے بعد پاک فوج نے بھرپور جوابی کارروائی کی، جس کے نتیجے میں 200 سے زائد طالبان اور دیگر دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ اس کارروائی میں پاکستان کے 23 جوان شہید اور 20 زخمی ہوئے۔

پاک فوج کے ترجمان کے مطابق افغان طالبان اور فتنۃ الخوارج نے رات کے وقت پاکستان پر حملہ کیا، جس کا مقصد سرحدی علاقوں کو غیر مستحکم کرنا اور دہشت گردی کی سہولت کاری کرنا تھا۔ پاک فوج نے فوری ردعمل دیتے ہوئے افغان سرحد پر تمام حملوں کو پسپا کر دیا اور جوابی کارروائی میں طالبان کے کئی کیمپوں، چوکیوں اور تربیتی مراکز کو تباہ کر دیا۔

پاک فوج نے اپنی کارروائی میں نہ صرف دشمن کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا، بلکہ شہریوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے احتیاطی تدابیر بھی اختیار کیں تاکہ کولیٹرل نقصان سے بچا جا سکے۔ اس دوران طالبان کی 21 چوکیوں پر قبضہ کیا گیا اور کئی دہشت گرد کیمپوں کو ناکارہ بنا دیا گیا۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج اپنے عوام کی حفاظت کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں اور دہشت گردی کے خلاف اپنے دفاع کا حق مسلسل استعمال کریں گی۔ فوج نے طالبان حکومت پر زور دیا کہ وہ دہشت گردوں کے خلاف ٹھوس اور قابل تصدیق اقدامات کرے، تاکہ افغانستان سے دہشت گردی کی لعنت کا مکمل خاتمہ ہو سکے۔

پاکستان نے واضح کیا ہے کہ اگر طالبان نے دہشت گرد تنظیموں کی حمایت جاری رکھی تو وہ افغانستان سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کیے بغیر سکون سے نہیں بیٹھے گا۔

ٹیگز: