اسلام آباد:وزارتِ اطلاعات و نشریات کے مطابق چمن بارڈر پر افغانستان کی جانب سے فائربندی کی خلاف ورزی کی گئی، جس کے نتیجے میں پاکستانی سکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کا بھرپور جواب دیا۔
جاری کردہ سرکاری بیان میں کہا گیا کہ افغانستان سے بعض عناصر نے پاکستانی پوسٹوں پر بلا اشتعال فائرنگ کی، جس کے جواب میں پاکستانی فورسز نے انتہائی پیشہ ورانہ اور ذمہ دارانہ انداز میں ردعمل ظاہر کیا۔
وزارتِ اطلاعات نے افغان حکام کے اس مؤقف کو مسترد کیا کہ فائرنگ کا آغاز پاکستان نے کیا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ ابتدائی فائرنگ افغانستان کی طرف سے ہوئی، تاہم پاکستانی فورسز نے صورتحال کو قابو میں رکھتے ہوئے امن قائم رکھا۔
بیان کے مطابق، جنگ بندی اب بھی برقرار ہے اور پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے مذاکرات اور باہمی تعاون جاری رکھنے کا خواہاں ہے۔