کولمبو : کرکٹ کی دنیا کا سب سے بڑا مقابلہ "پاک بھارت ٹاکرا" شروع ہونے سے قبل ہی بحرانی صورتحال اختیار کر گیا ہے۔ کولمبو کا پریما داسا سٹیڈیم شائقین کے سمندر کے سامنے چھوٹا پڑ گیا ہے، جس کی وجہ سے سری لنکن انتظامیہ کو شدید انتظامی دباؤ کا سامنا ہے۔
سٹیڈیم میں صرف 24 ہزار نشستیں دستیاب ہیں، جبکہ میچ دیکھنے کے لیے 80 ہزار سے زائد شائقین نے درخواستیں جمع کروا رکھی ہیں۔ لنکن انتظامیہ اس امتحان میں پڑ گئی ہے کہ ٹکٹ کسے جاری کیے جائیں اور کسے نہیں۔ اس مطالبے نے ہوٹلوں کے کرایوں اور فضائی ٹکٹوں کی قیمتوں کو بھی پر لگا دیے ہیں، جو اب عام شائق کی پہنچ سے کوسوں دور ہو چکی ہیں۔
جہاں میدان کے باہر جوش و خروش عروج پر ہے، وہیں محکمہ موسمیات کی خبر نے مداحوں کے دل توڑ دیے ہیں۔ اگر بادلوں نے مداخلت کی اور میچ مکمل نہ ہو سکا، تو دونوں ٹیموں کے درمیان ایک، ایک پوائنٹ تقسیم کر دیا جائے گا، جو ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کی دوڑ کو مزید پیچیدہ بنا سکتا ہے۔