کولمبو: پاکستان اور بھارت کے درمیان کل ہونے والے سنسنی خیز مقابلے کیلیے تیاریاں عروج پر پہنچ گئی ہیں۔ چیئرمین پی سی بی اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ایک اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ سری لنکا پہنچ گئے ہیں جہاں وہ پاکستان کے اہم میچز کی نگرانی اور ٹیم کی حوصلہ افزائی کریں گے۔
کولمبو ایئرپورٹ پر سری لنکا کے نائب وزیر جنیتھیا راون اور پاکستان کے ہائی کمشنر میجر جنرل (ر) فہیم العزیز نے محسن نقوی کا استقبال کیا۔ اس موقع پر محسن نقوی اور سری لنکن حکام کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں کرکٹ کے ذریعے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ محسن نقوی نے واضح کیا کہ پاکستان سری لنکا کو اپنا بہترین میزبان مانتا ہے اور تمام میچز یہاں کھیلنے پر خوش ہے۔
پی سی بی کے چیف آپریٹنگ آفیسر سمیر احمد اور پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر بھی دورے میں ان کے ہمراہ ہیں۔ کل بروز اتوار 15 فروری کو پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، جس کے لیے شائقینِ کرکٹ کا جوش و خروش دیدنی ہے۔
ذرائع کے مطابق قومی ٹیم نے کل کے بڑے میچ کے لیے بھرپور نیٹ پریکٹس کی ہے۔ چیئرمین پی سی بی کی آمد کا مقصد کھلاڑیوں کے مورال کو بلند کرنا ہے تاکہ وہ روایتی حریف کے خلاف بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر سکیں۔