ممبئی: بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار اور “مسٹر پرفیکشنسٹ” عامر خان نے اپنی پہلی اہلیہ رینا دتہ سے علیحدگی کے بعد پیش آنے والے سخت اور جذباتی دور کے بارے میں تفصیل سے گفتگو کی ہے۔
عامر خان کے مطابق طلاق کے بعد ان کی زندگی ایک انتہائی مشکل مرحلے میں داخل ہو گئی تھی، کیونکہ اس سے پہلے وہ کبھی شراب نوشی کے عادی نہیں تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ جب رینا دتہ اپنے بچوں کے ساتھ گھر چھوڑ کر چلی گئیں تو وہ شدید تنہائی کا شکار ہو گئے۔
اداکار نے بتایا کہ اسی دوران گھر میں موجود شراب کو انہوں نے پہلی بار آزمایا، جو بعد میں آہستہ آہستہ ایک عادت بن گئی۔ ان کے مطابق تقریباً ڈیڑھ سال تک وہ اکثر رات کے وقت شراب نوشی کرتے رہے، جو ان کی زندگی کا ایک غیر معمولی اور پریشان کن دور تھا۔
عامر خان نے اعتراف کیا کہ یہ وقت ان کے لیے جذباتی طور پر بہت نازک اور کمزور ثابت ہوا، تاہم وقت گزرنے کے ساتھ انہوں نے خود کو سنبھالا اور زندگی کے معاملات کو دوبارہ بہتر سمت میں لے آئے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کی پہلی شادی کا اختتام دونوں خاندانوں کے لیے تکلیف دہ تھا، لیکن انہوں نے اس صورتحال کو سمجھداری اور صبر کے ساتھ نمٹانے کی کوشش کی۔
واضح رہے کہ عامر خان نے 1986 میں رینا دتہ سے شادی کی تھی، جو 2002 میں طلاق پر ختم ہوئی۔ اس جوڑے کے دو بچے ایرا اور جنید ہیں۔
بعد ازاں انہوں نے 2005 میں فلم ساز کرن راؤ سے شادی کی، تاہم 2021 میں دونوں نے علیحدگی کا اعلان کیا۔ بعد میں 2025 میں عامر خان نے اپنی ساتھی گوری سپاٹ کو عوامی طور پر متعارف کرایا۔