Wed, September 16, 2026

کراچی میں تیز بارش کے بعد مختلف علاقے زیرِ آب، شہری مشکلات کا شکار

کراچی میں تیز بارش کے بعد مختلف علاقے زیرِ آب، شہری مشکلات کا شکار

کراچی : کراچی میں وقفے وقفے سے ہونے والی تیز بارش نے شہر کے مختلف علاقوں میں تباہی مچا دی۔ کئی جگہوں پر پانی گھروں میں داخل ہو گیا اور سڑکیں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔

سرجانی ٹاؤن اور ناگن چورنگی میں بارش اور ندیوں کا پانی رہائشی آبادیوں میں داخل ہو گیا، جس سے لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ملیر ندی ایوب گوٹھ پل اور لاسی گوٹھ کے مقام پر اوور فلو کر گئی، جبکہ تھڈو ڈیم بھرنے کے بعد لیاری اور ملیر ندیاں بھی بپھر گئیں۔

تھڈو ڈیم کا پانی بہتا ہوا موٹروے ایم 9 تک پہنچ گیا، جس سے حیدرآباد جانے والے راستے پر پانی جمع ہو گیا اور ٹریفک بری طرح متاثر ہوئی ۔انتظامیہ نے فوری ریسکیو کارروائیاں کرتے ہوئے سہراب گوٹھ، حسن منان کالونی اور گلشن اقبال میں پھنسے ہوئے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔

بارش کی سنگین صورتحال کے پیش نظر کراچی میں آج تمام اسکول اور تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے ہیں، جس کا نوٹیفکیشن قائم مقام کمشنر نے جاری کیا۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے متاثرہ علاقوں کا دورہ کر کے نکاسی آب کے اقدامات کا جائزہ لیا اور متعلقہ اداروں کو فوری کارروائی کی ہدایت دی۔شہریوں کا کہنا ہے کہ ہر سال بارش کے بعد یہی صورتحال پیدا ہو جاتی ہے، لیکن پائیدار حل کی جانب کوئی توجہ نہیں دی جا رہی۔

ٹیگز: