اسلام آباد: چیف آف ڈیفنس سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قومی علماء مشائخ کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ ریاستِ طیبہ اور پاکستان کے درمیان ایک گہرا تاریخی تعلق موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے تمام مسلم ممالک میں سے پاکستان کو محافظینِ حرمین کا شرف عطا کیا ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے زور دیا کہ جس قوم نے علم اور قلم کو چھوڑا، وہاں انتشار اور فساد نے جگہ لی، اور حقیقی عزت و طاقت تقسیم سے نہیں بلکہ محنت اور علم سے حاصل کی جاتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ دہشتگردی پاکستان کا مسئلہ نہیں بلکہ ہندوستان کا وطیرہ ہے اور دشمن کو چھپ کر نہیں، بلکہ للکار کر شکست دی جاتی ہے۔
چیف آف ڈیفنس سٹاف نے اسلامی ریاست میں ریاست کے علاوہ کسی کو جہاد کے حکم دینے کا اختیار نہیں ہونے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ معرکہ حق میں اللہ کی نصرت سے کامیابی ملی۔ انہوں نے علماء سے اپیل کی کہ قوم کو متحد رکھیں اور عوام میں بصیرت اور وسعت پیدا کریں۔