لندن :برطانوی جریدے فنانشل ٹائمز نےچیف آف ڈیفنس سٹاف فیلڈ مارشل عاصم منیر کو تیزی سے بدلتے عالمی منظرنامے میں ایک مؤثر اور کامیاب سٹریٹجک رہنما قرار دیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق موجودہ عالمی سیاست میں مڈل پاور ممالک کے لیے توازن قائم رکھنا ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے، تاہم پاکستان نے اس مشکل مرحلے میں مؤثر حکمتِ عملی اختیار کی ہے۔
فنانشل ٹائمز کے مطابق فیلڈ مارشل عاصم منیر کو درمیانی طاقتوں کے ان رہنماؤں میں شامل کیا گیا ہے جو بیک وقت مختلف عالمی طاقتوں کے ساتھ تعلقات استوار کرنے میں کامیاب رہے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کی قیادت نے واشنگٹن، بیجنگ، ریاض اور تہران کے ساتھ متوازن اور فعال سفارتی روابط برقرار رکھے، جس سے پاکستان کے لیے نئے سفارتی امکانات پیدا ہوئے۔
جریدے کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے غیر روایتی اور غیر رسمی اندازِ قیادت کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کرنا بھی ایک اہم سفارتی کامیابی ثابت ہوا۔ فنانشل ٹائمز کا کہنا ہے کہ بروقت خوش گفتاری اور نرم سفارتی رویے نے پاکستان کے مفادات کو تقویت دی اور عالمی سطح پر اس کے مؤقف کو مؤثر انداز میں اجاگر کیا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ اس سفارتی پیش رفت کے اثرات خطے میں بھی نمایاں ہوئے، جبکہ بھارت کے لیے مڈل پاور کا کردار توقعات کے برعکس زیادہ پیچیدہ ثابت ہوا۔ فنانشل ٹائمز کے مطابق بدلتے عالمی حالات اور امریکی قیادت کے انداز سے ہم آہنگ نہ ہو پانے کے باعث بھارت کو سفارتی سطح پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
جریدے کے مطابق مجموعی طور پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے بدلتی عالمی سیاست میں خود کو ایک متحرک اور مؤثر مڈل پاور کے طور پر منوایا ہے۔