Wed, September 16, 2026

نیپرا نے بجلی کی قیمت میں کمی کی منظوری دے دی، صارفین کو ستمبر کے بلوں میں ریلیف ملے گا

نیپرا نے بجلی کی قیمت میں کمی کی منظوری دے دی، صارفین کو ستمبر کے بلوں میں ریلیف ملے گا

اسلام آباد / کراچی: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے ملک بھر کے عوام کو ریلیف دیتے ہوئے بجلی کے نرخوں میں 1 روپے 79 پیسے فی یونٹ کمی کا اعلان کر دیا ہے۔

یہ کمی جولائی 2025 کی فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کی گئی ہے، اور اس کا اطلاق کے-الیکٹرک سمیت تمام سرکاری بجلی تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) پر یکساں طور پر ہوگا۔

نیپرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق، صارفین کو اس فیصلے کا فائدہ ستمبر میں موصول ہونے والے بجلی کے بلوں میں دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ سی پی پی اے (مرکزی بجلی خریداری ایجنسی) نے جولائی کے لیے 1 روپے 69 پیسے فی یونٹ کمی کی سفارش کی تھی، تاہم نیپرا نے اس سے بڑھ کر 1 روپے 79 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی۔

اس اقدام سے بجلی استعمال کرنے والے افراد کو مجموعی طور پر تقریباً 24 ارب 50 کروڑ روپے کا فائدہ پہنچے گا۔

یاد رہے کہ حکومت نے یکساں ٹیرف پالیسی کے تحت نیپرا کو گائیڈ لائنز فراہم کی تھیں تاکہ ملک بھر میں بجلی کی قیمتوں کا تعین مساوی طور پر کیا جا سکے۔ ان سفارشات کا جائزہ لینے کے بعد نیپرا نے یہ فیصلہ صادر کیا۔

قبل ازیں، ای سی سی (اقتصادی رابطہ کمیٹی) اور وفاقی کابینہ نے بھی ملک بھر کے لیے یکساں ایڈجسٹمنٹ پالیسی کی توثیق کی تھی، جس کی بنیاد پر اب ہر ماہ بجلی کے نرخوں میں تبدیلی پورے ملک پر یکساں لاگو کی جائے گی۔

یہ فیصلہ موجودہ مہنگائی کے تناظر میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے اور بجلی کے نرخوں میں شفافیت لانے کی ایک اہم کوشش قرار دیا جا رہا ہے۔

 
 

ٹیگز: