اسلام آباد :وفاقی حکومت کی حتمی منظوری کے بعد نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی بلوں کے ستائے ہوئے عوام کو بڑا معاشی ریلیف فراہم کرتے ہوئے بجلی کی قیمت میں 1 روپے 99 پیسے فی یونٹ کمی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
اس فیصلے کے تحت ملک بھر کے صارفین کو سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے فرق کی صورت میں مجموعی طور پر 67 ارب 17 کروڑ 30 لاکھ روپے کا بڑا مالیاتی ریلیف منتقل کیا جائے گا۔
قیمتوں میں کی جانے والی اس کمی کا براہِ راست اطلاق جون سے اگست 2026 کے بلوں پر ہوگا۔ یہ فیصلہ سال 2026 کی پہلی سہ ماہی یعنی جنوری تا مارچ 2026 کے دوران آنے والے ایڈجسٹمنٹ فرق کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
یہ ریلیف کسی مخصوص صوبے یا کمپنی کے لیے نہیں بلکہ ملک بھر کے تمام صارفین کے لیے یکساں طور پر نافذ العمل ہوگا۔
نیپرا ذرائع کے مطابق، گرمیوں کے ان تین اہم مہینوں (جون، جولائی، اگست) میں جب بجلی کا استعمال عروج پر ہوتا ہے، اس کمی کی وجہ سے گھریلو اور کاروباری صارفین کے ماہانہ بلوں پر پڑنے والا بوجھ نمایاں حد تک کم ہو جائے گا۔