Thu, September 17, 2026

پی ٹی آئی کے اتحادی آئینی ترمیم سے کیوں پیچھے ہٹے؟ حکومت اقلیت میں ہے:فضل الرحمان

 پی ٹی آئی کے اتحادی آئینی ترمیم سے کیوں پیچھے ہٹے؟ حکومت اقلیت میں ہے:فضل الرحمان

پشاور :جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پی ٹی آئی کے اتحادیوں کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ وہ سمجھ نہیں پاتے کہ پی ٹی آئی کے دوست 26ویں آئینی ترمیم سے کیوں پیچھے ہٹ گئے ہیں۔

پشاور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ 16 اکتوبر کو ڈیرہ اسماعیل خان میں مفتی محمود کانفرنس ہوگی، جس میں غزہ کی موجودہ صورتحال اور شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ امن مارچ میں "اسرائیل مردہ باد" کا نعرہ بھی شامل ہوگا، اور ہمیں حقیقت پسندانہ بات چیت کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کے خلاف جو عدالت گئے، وہ اپنا حق استعمال کر رہے ہیں، لیکن پی ٹی آئی کے اتحادیوں کا ترمیم سے پیچھے ہٹنا سمجھ سے باہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترمیم پر سینٹ، قومی اسمبلی اور حکومت نے تعریف کی، لیکن اب اسے مشکوک بنا دیا گیا ہے۔

فضل الرحمان نے کہا کہ وہ پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لیے تیار ہیں تاکہ مسائل کو حل کیا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وفاق میں پی ٹی آئی، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں جے یو آئی کے مینڈیٹ چوری ہوئے ہیں، اور موجودہ حکومت اقلیت میں ہے۔ ان کے مطابق، مینڈیٹ چوری کرنے والوں کے خلاف آواز اٹھانا ضروری ہے۔

افغانستان کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سرزمین کو کسی بھی غیر مناسب مقصد کے لیے استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ 20 سالہ جنگ میں امریکہ کو اڈے دیے گئے، لیکن افغان حکومت نے کبھی شکایت نہیں کی۔ ان کا کہنا تھا کہ غیر مستحکم افغانستان پاکستان کے لیے نقصان دہ ہوگا۔

مولانا فضل الرحمان نے صوبائی سطح پر وزیراعلیٰ کی تبدیلی کے فیصلے کو اسمبلی میں بحث کا موضوع بنانے کا اعلان کیا اور کہا کہ اگر پی ٹی آئی خود بدامنی کو سمجھ گئی ہے تو یہ اچھی بات ہے۔

ٹیگز: