اسلام آباد: وزیراعظم محمد شہباز شریف نے مشرق وسطیٰ میں جاری کشیدگی کے باعث عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر ملک بھر میں سادگی اور کفایت شعاری مہم کی منظوری دے دی۔
اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت کفایت شعاری اور توانائی کے تحفظ سے متعلق اہم اجلاس ہوا، جس میں عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے اور اس کے ملکی معیشت پر اثرات کا جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث دنیا بھر میں مہنگائی کا دباؤ بڑھ رہا ہے، موجودہ صورتحال میں سب سے پہلے حکومت اور اشرافیہ سے قربانی کا آغاز کیا جائے گا۔
وزیراعظم نے کہا کہ مشکل معاشی صورتحال میں حکومت اپنے اخراجات کم کرنے اور توانائی کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کرے گی۔ سادگی اور کفایت شعاری مہم کے ذریعے سرکاری سطح پر غیرضروری اخراجات میں کمی لائی جائے گی۔
دوسری جانب معاشی طور پر کمزور اور متوسط طبقے کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے فیول سبسڈی کا آغاز ہو چکا ہے۔ موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کو 100 روپے فی لیٹر کے حساب سے فیول ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔
حکومت کے مطابق کفایت شعاری کے اقدامات کا مقصد عالمی سطح پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات کو کم کرنا اور ملکی وسائل کا محتاط استعمال یقینی بنانا ہے۔