لاہور: لاہور کے مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش نے گرمی کی شدت کم کر دی اور موسم کو خوشگوار بنا دیا۔ جیل روڈ، مال روڈ، قرطبہ چوک سمیت شہر کے کئی علاقوں میں بادل خوب برسے، جبکہ ٹھنڈی ہوا نے ماحول میں تازگی بھر دی۔
شہر کے کئی حصوں میں بادل چھائے ہوئے ہیں اور موسم مزید بارش کی طرف اشارہ دے رہا ہے۔ شہریوں نے بارش کے بعد خوشگوار موسم کا بھرپور لطف اٹھایا۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آئندہ دنوں میں ملک کے مختلف حصوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کر دی ہے۔ اسلام آباد اور آس پاس کے علاقوں میں گرج چمک، تیز ہواؤں اور موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ پنجاب کے شہروں جیسے مری، گلیات، جہلم، سیالکوٹ، گوجرانوالہ اور نارووال میں بھی بارش ہو سکتی ہے۔
خیبرپختونخوا کے علاقوں پشاور، سوات، مردان، کوہاٹ، وزیرستان، ایبٹ آباد سمیت کئی شہروں میں بھی بارش اور ژالہ باری کی توقع ہے۔جبکہ بلوچستان میں کوئٹہ، ژوب، چمن، خضدار اور دیگر مقامات پر بارش ہو سکتی ہے۔
سندھ میں موسم گرم اور خشک رہے گا، البتہ تھرپارکر، عمر کوٹ، لاڑکانہ اور دادو میں بارش کی پیشگوئی ہے۔ تاہم کشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی بادل چھائے رہنے اور بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔محکمہ موسمیات نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ تیز بارش، آندھی اور ژالہ باری کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔