Wed, September 16, 2026

لاہور سمیت ملک کے کئی شہروں میں بارش، موسم خوشگوار

لاہور سمیت ملک کے کئی شہروں میں بارش، موسم خوشگوار

لاہور: پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا، موسم خوشگوار ہو گیا، تاہم کئی علاقوں میں بجلی کی بندش سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

لاہور میں صبح سے ہی مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی۔ مال روڈ، جیل روڈ، کینال روڈ، ماڈل ٹاؤن، جوہر ٹاؤن اور دیگر علاقوں میں ابرِ رحمت خوب برسا، جس سے موسم ٹھنڈا اور خوشگوار ہو گیا، جبکہ ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں۔

پنجاب کے دیگر شہروں جیسے ملتان، فیصل آباد، وہاڑی، خانیوال، بہاولپور، پیرمحل، ساہیوال، پاکپتن اور میاں چنوں میں بھی بارش ہوئی۔ کئی نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا اور کچھ جگہوں پر بجلی کے فیڈرز ٹرپ ہونے سے بجلی بند ہو گئی۔

کراچی میں بھی رات گئے مختلف علاقوں میں کہیں تیز تو کہیں ہلکی بارش ہوئی۔ اورنگی ٹاؤن، سرجانی، نیو کراچی، منگھوپیر، گلشن اقبال، گلستان جوہر اور دیگر علاقوں میں بارش سے موسم بہتر ہو گیا، لیکن کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی۔

اسی طرح خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں بھی اچھی بارش ہوئی، جس سے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا۔محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں بھی ملک کے مختلف حصوں میں بارش کا امکان ہے، خاص طور پر شمالی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

ٹیگز: