Wed, September 16, 2026

بھارت کی دراندازی ناکام، لاہور، گوجرانوالہ اور چکوال میں تین ڈرون مار گرائے گئے

بھارت کی دراندازی ناکام، لاہور، گوجرانوالہ اور چکوال میں تین ڈرون مار گرائے گئے

لاہور: بھارت کی جانب سے پاکستان میں دراندازی کی ایک اور کوشش ناکام بنا دی گئی۔ لاہور کے علاقے والٹن، گوجرانوالہ اور چکوال میں سکیورٹی اداروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے بھارتی ڈرونز کو مار گرایا۔ خوش قسمتی سے کسی بھی جگہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

پولیس ذرائع کے مطابق لاہور میں والٹن روڈ پر ایک حساس ادارے کے دفتر کو نشانہ بنانے کے لیے بھارتی ڈرون بھیجا گیا تھا، جسے سکیورٹی اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گرا دیا۔ یہ ڈرون 5 سے 6 فٹ لمبا تھا اور سرحد پار سے کنٹرول کیا جا رہا تھا۔ سسٹم جام کرنے کے بعد اسے زمین پر گرایا گیا۔ واقعے میں عمارت کو معمولی نقصان پہنچا، مگر کوئی شخص زخمی نہیں ہوا۔

اسی طرح، گوجرانوالہ میں بھی ایک بھارتی ڈرون داخل ہوا جسے نشانہ بنایا گیا۔ اس کا ملبہ گجرات کے گاؤں جھنڈ پیر سے برآمد ہوا ہے۔

ادھر چکوال کے علاقے دیوالیاں میں بھی ایک اور ڈرون گرا، جو تھانہ ڈھمن کی حدود میں آیا تھا۔ وہاں بھی خوش قسمتی سے کوئی نقصان نہیں ہوا، اور ڈرون کا ملبہ سکیورٹی اداروں نے تحویل میں لے لیا ہے۔

ان واقعات کے بعد متعلقہ علاقوں میں سکیورٹی سخت کر دی گئی ہے۔ سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دشمن کی ایسی کارروائیاں پاکستان کے دفاعی نظام سے ٹکرا کر ناکام ہو رہی ہیں، اور ہر محاذ پر بھارت کو منہ کی کھانا پڑ رہی ہے۔

ٹیگز: