اسلام آباد: بھارت کی جانب سے اسرائیلی ساختہ جدید ڈرونز کے ذریعے پاکستانی حدود میں دراندازی کی کوششیں مسلسل جاری ہیں۔ پاک فوج نے دوسرے روز بھی دشمن کی کارروائی ناکام بناتے ہوئے مزید 6 ڈرونز تباہ کر دیے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اوکاڑہ کینٹ کے قریب چار ڈرونز کو نشانہ بنایا گیا جو آبادی سے ہٹ کر فصلوں میں گرے، خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ایک ڈرون کو وہاڑی اور ایک کو پاکپتن کے علاقے میں گرایا گیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ تمام ڈرونز مسلسل ریڈار پر مانیٹر کیے جا رہے تھے اور پاک فوج کا ایئر ڈیفنس سسٹم چھوٹے ڈرونز کو بھی باآسانی ٹریک اور تباہ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ شہری علاقوں اور فلائٹ زونز میں کارروائی کے لیے مخصوص طریقہ کار پر عمل کیا جاتا ہے تاکہ کوئی نقصان نہ ہو۔
دفاعی ماہرین کے مطابق پاکستان کا دفاعی نظام دشمن کے حملے مسلسل ناکام بنا رہا ہے، جو ملکی خودمختاری کے تحفظ کا ثبوت ہے۔ یاد رہے کہ ایک روز قبل بھی پاک فوج نے 29 بھارتی ڈرونز مار گرائے تھے، یوں دو دنوں میں اب تک مجموعی طور پر 35 ڈرونز تباہ کیے جا چکے ہیں۔