خیبر:میلواڈ پولیس نے منشیات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کروڑوں روپے کی ہیروئن کی اسمگلنگ کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رائے مظہر اقبال کی نگرانی میں ضلع خیبر میں منشیات فروشوں کے خلاف آپریشن مؤثر انداز میں جاری ہے۔ ایس ایچ او نوشاد خان کی زیر قیادت اور ایڈیشنل ایس ایچ او مغرب خان کی زیر نگرانی پولیس نے میلواڈ کے علاقے میں خصوصی ناکہ بندی کے دوران ایک مشکوک کیری ڈبہ کو روکا۔
گاڑی کی تلاشی لینے پر اس کے خفیہ خانوں سے 15 پیکٹس ہیروئن برآمد کی گئیں، جن کی مالیت کروڑوں روپے بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے کارروائی کے دوران ملزم عنایت اللہ ولد جمرود کو موقع پر گرفتار کر کے مزید تفتیش کے لیے تھانے منتقل کر دیا۔
ترجمان پولیس کے مطابق گرفتار شخص ایک منظم منشیات اسمگلنگ نیٹ ورک سے وابستہ ہے اور مختلف شہروں میں منشیات کی ترسیل میں ملوث رہا ہے۔
ڈی پی او رائے مظہر اقبال نے پولیس ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں انعام دینے کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ منشیات فروشوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی تاکہ معاشرے کو منشیات جیسی لعنت سے پاک کیا جا سکے۔