Wed, September 16, 2026

کراچی میں ایف آئی اے کی بڑی کارروائی، جعلی میڈیکل رپورٹس پر امریکی ویزا حاصل کرنے کی کوشش ناکام

کراچی میں ایف آئی اے کی بڑی کارروائی، جعلی میڈیکل رپورٹس پر امریکی ویزا حاصل کرنے کی کوشش ناکام

کراچی: وفاقی تحقیقاتی ادارہ (ایف آئی اے) کے انسدادِ انسانی اسمگلنگ ونگ نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے امریکی ویزا کے لیے جعلی میڈیکل دستاویزات جمع کرانے والے دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔

ایف آئی اے کے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت محمد توصیف خان اور عمران نذیر سلہری کے طور پر ہوئی ہے، جنہیں امریکی قونصل خانے کی شکایت پر قونصل خانے کے دفتر کے باہر سے حراست میں لیا گیا۔

ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ دونوں ملزمان نے ویزا حاصل کرنے کے لیے جعلی طبی رپورٹس تیار کروائیں۔ یہ رپورٹس ایسی بیماریوں سے متعلق تھیں جن کی بنیاد پر امریکہ میں علاج کے غرض سے ویزا جاری کیا جا سکتا تھا۔ ایف آئی اے کے مطابق ملزمان نے اس کام کے لیے مختلف ایجنٹوں سے رابطہ کیا۔

محمد توصیف نے عقیل نامی ایجنٹ کو 10 لاکھ روپے ادا کرنے کا معاہدہ کیا جبکہ عمران نذیر نے تبسم ضیا نامی خاتون ایجنٹ کے ساتھ 25 لاکھ روپے میں ڈیل کی۔ ان دستاویزات کو ویزا انٹرویو کے دوران پیش کر کے امریکی قونصل خانے کو گمراہ کرنے کی کوشش کی گئی۔

ایف آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزمان کے خلاف باضابطہ تفتیش شروع کر دی گئی ہے اور اُن کے ذریعے جعلی دستاویزات کا نیٹ ورک چلانے والے ایجنٹوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

ایف آئی اے نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ انسانی اسمگلنگ، ویزا فراڈ اور جعل سازی میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی، تاکہ ایسے جرائم کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے اور ملک کی عالمی ساکھ محفوظ رہ سکے۔

ٹیگز: