Wed, September 16, 2026

فلسطینی چیف جسٹس کی وفاقی وزیر مذہبی امور سے ملاقات، غزہ کی صورتحال اور دوطرفہ تعاون پر بات چیت

فلسطینی چیف جسٹس کی وفاقی وزیر مذہبی امور سے ملاقات، غزہ کی صورتحال اور دوطرفہ تعاون پر بات چیت

اسلام آباد: فلسطین کے چیف جسٹس ڈاکٹر محمود صدقی عبد الرحمان الہباش ایک چار رکنی وفد کے ہمراہ پاکستان کے وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف سے ملاقات کے لیے اسلام آباد پہنچے۔ اس اہم ملاقات میں مسجد اقصیٰ اور مسجد ابراہیمی کے امام صاحبان بھی شریک تھے، جس سے اس ملاقات کی اہمیت مزید بڑھ گئی۔

فلسطینی وفد نے پاکستان میں حالیہ سیلاب سے ہونے والے نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے پاکستانی عوام سے ہمدردی کا پیغام دیا۔

وفاقی وزیر سردار محمد یوسف نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑا ہے اور ان کی حمایت کو ایک انسانی، دینی اور اخلاقی ذمہ داری سمجھتا ہے۔ انہوں نے غزہ میں اسرائیلی مظالم اور مقدس مقامات کی بے حرمتی کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پاکستان ہر سطح پر فلسطین کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی ہدایت پر غزہ کے مظلوم عوام کے لیے امدادی سامان بھیجا جا رہا ہے۔

چیف جسٹس فلسطین ڈاکٹر محمود الہباش نے پاکستان کی مستقل حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہر مشکل وقت میں فلسطین کا ساتھ دیا ہے۔ انہوں نے خوش خبری دی کہ ستمبر کے مہینے میں کئی ممالک فلسطین کو آزاد ریاست کے طور پر تسلیم کرنے جا رہے ہیں، اور وہ دن دور نہیں جب مسلم دنیا کے قائدین مسجد اقصیٰ میں جمع ہو کر شکرانے کے نوافل ادا کریں گے۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں جانب سے علما کے تبادلے، بین المذاہب مکالمے اور مشترکہ تعاون کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔

ٹیگز: