بیجنگ : وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے سرکاری دورہ چین کے دوران چینی صدر شی جن پنگ سے اہم ملاقات کی، جس میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات، خطے کی صورتحال اور معاشی تعاون پر گفتگو کی۔ ملاقات میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار بھی شریک تھے۔
وزیراعظم نے چینی صدر کی قائدانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو اور سی پیک جیسے منصوبے شی جن پنگ کی وژنری قیادت کا نتیجہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین آزمائش کی ہر گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں، اور یہ دوستی عوام کے دلوں میں رچی بسی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام چین کو ایک سچے اور پائیدار دوست کے طور پر دیکھتے ہیں، اور حکومت پاکستان ان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہے۔
چینی صدر نے بھی پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کی یقین دہانی کروائی۔
وزیراعظم شہباز شریف اپنے اس دورے کے دوران روسی صدر ولادیمیر پیوٹن اور تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے بھی ملاقات کریں گے، جن میں علاقائی مسائل اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت متوقع ہے۔