Wed, September 16, 2026

’پابلو‘ اور ’اِن سیکیورٹی‘ کی مماثلت پر بحث، شائے گل نے خاموشی توڑ دی

’پابلو‘ اور ’اِن سیکیورٹی‘ کی مماثلت پر بحث، شائے گل نے خاموشی توڑ دی

لاہور : ہانیہ عامر کے حالیہ گانے ’پابلو‘ اور شائے گل کے مقبول گانے ’اِن سیکیورٹی‘ کے درمیان مماثلت پر سوشل میڈیا پر جاری بحث نے نئی توجہ حاصل کرلی، جس پر شائے گل نے اپنا مؤقف واضح کردیا۔

’پابلو‘ کی ریلیز کے بعد متعدد سوشل میڈیا صارفین نے دونوں گانوں کے موازنے پر تبصرے کیے۔ کچھ صارفین نے ہانیہ عامر کے گانے میں شائے گل کے کام سے مماثلت کی نشاندہی کرتے ہوئے مختلف دعوے بھی کیے۔

اسی دوران شائے گل نے ’اِن سیکیورٹی‘ کو ایک سال مکمل ہونے پر اس کا نیا اکوسٹک ورژن جاری کیا۔ اس اقدام کے بعد بعض صارفین نے اندازہ لگایا کہ شاید گلوکارہ نے ہانیہ عامر کے گانے کے تناظر میں یہ پوسٹ شیئر کی ہے۔

شائے گل نے اس تاثر کی تردید کرتے ہوئے بتایا کہ اکوسٹک ورژن جاری کرنے کی وجہ صرف ان کے گانے کی پہلی سالگرہ تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ ’اِن سیکیورٹی‘ گزشتہ سال ستمبر میں ریلیز ہوا تھا، اس لیے انہوں نے ایک سال مکمل ہونے پر اس کا نیا ورژن پیش کیا۔

گلوکارہ نے واضح کیا کہ وہ کسی کے خلاف منفی جذبات نہیں رکھتیں اور سوشل میڈیا پر ہونے والی ہر بحث کا جواب دینا ان کے لیے ممکن نہیں۔ انہوں نے مداحوں کو اپنی مرضی کے مطابق گانے سے لطف اندوز ہونے یا بحث جاری رکھنے کی آزادی بھی دی۔

شائے گل کے نئے اکوسٹک ورژن کو آئمہ بیگ، عبدالحنان اور انورال خالد سمیت متعدد فنکاروں اور سوشل میڈیا شخصیات کی جانب سے سراہا گیا۔

ٹیگز: