کراچی: شہر کی بدنام زمانہ ڈرگ ڈیلر انمول پنکی کے خلاف درج مقدمات کی سماعت کے لیے غیر معمولی اقدامات کر دیے گئے ہیں۔ سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر ملزمہ کی سٹی کورٹ آمد کو انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے آج ہونے والے تین مقدمات کی سماعت اب سینٹرل جیل میں ہی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سیشن جج کراچی ساؤتھ نے ملزمہ کو جیل میں پیش کرنے کی اجازت دیتے ہوئے جوڈیشل مجسٹریٹ کو سینٹرل جیل کمپلیکس جا کر ریمانڈ کی کارروائی مکمل کرنے کی خصوصی ہدایت جاری کی ہے۔ آج کی پیشی پر پولیس ملزمہ کے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرے گی، جبکہ وہ پہلے ہی دو مقدمات میں جسمانی ریمانڈ پر اور 13 سے زائد مقدمات میں عدالتی ریمانڈ پر جیل میں ہے۔
دوسری جانب، یہ معاملہ اس وقت مزید پیچیدہ ہو گیا جب پولیس نے انمول پنکی کو عدالتی ریمانڈ پر جیل بھیجنے کے اقدام کو چیلنج کرتے ہوئے سیشن عدالت سے رجوع کر لیا۔ پولیس کا موقف ہے کہ ملزمہ سے نیٹ ورک کی مزید کڑیاں بے نقاب کرنے کے لیے اس کا پولیس کسٹڈی ریمانڈ برقرار رکھا جائے۔