کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے علاقے نواں کلی سرہ غڑگئی میں ہونے والے زور دار دھماکے کے نتیجے میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 7 زخمی ہو گئے۔ تمام زخمیوں کو فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق، دھماکے کے بعد علاقے کو سیل کر کے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کو بھی طلب کیا گیا ہے تاکہ دھماکے کی نوعیت معلوم کی جا سکے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکے کی اصل وجہ اور مواد کے بارے میں حتمی معلومات بم ڈسپوزل ٹیم کی رپورٹ آنے کے بعد دی جائیں گی۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ اتنا شدید تھا کہ آس پاس کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور فضا میں دھواں پھیل گیا۔ دھماکے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا جبکہ سیکیورٹی فورسز نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔
ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے، جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔