Wed, September 16, 2026

امریکہ میں طوفانی بگولوں کا قہر، 37 افراد جان کی بازی ہار گئے

امریکہ میں طوفانی بگولوں کا قہر، 37 افراد جان کی بازی ہار گئے

واشنگٹن:امریکہ کے وسطی علاقوں میں شدید طوفانی بگولوں نے تباہی مچا دی۔ مختلف ریاستوں میں درجنوں افراد ہلاک اور کئی زخمی ہو گئے، جبکہ گھروں، سڑکوں اور بنیادی سہولیات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق، طوفان سے اب تک 37 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ سب سے زیادہ ہلاکتیں ریاست میسوری میں ہوئیں جہاں 12 افراد جاں بحق ہوئے۔ آرکنساس میں ایک بڑے ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 8 افراد جان سے گئے جبکہ مسیسیپی میں 6 افراد کی موت کی تصدیق کی گئی ہے۔

طوفانی بگولوں کے باعث 50 سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ہیں اور امدادی کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔ بہت سے گھروں کو نقصان پہنچا ہے، اور ایک درجن ریاستوں میں 7 لاکھ سے زائد گھروں کی بجلی منقطع ہو چکی ہے۔

ادھر امریکی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے، اس لیے شہری آئندہ دو دن تک گھروں میں رہنے اور غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں۔ ریسکیو ٹیمیں، پولیس اور دیگر ادارے موقع پر موجود ہیں اور متاثرین کو مدد فراہم کی جا رہی ہے۔

ٹیگز: