مظفرآباد: تحریکِ آزادی کشمیر کے عظیم رہنما اور آزاد کشمیر کے بانی صدر، غازیِ ملت سردار محمد ابراہیم خان کی برسی آج پورے عقیدت و احترام کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ قوم ان کی تاریخی قربانیوں اور جدوجہد کو خراجِ عقیدت پیش کر رہی ہے۔
سردار محمد ابراہیم خان نے 24 اکتوبر 1947 کو آزاد کشمیر میں پہلی حکومت قائم کی، اور کشمیریوں کو ڈوگرہ راج کی غلامی سے نکالنے کے لیے فیصلہ کن کردار ادا کیا۔ اُن کی رہائش گاہ پر ہی 19 جولائی 1947 کو "قراردادِ الحاقِ پاکستان" منظور کی گئی، جو تاریخ کا اہم سنگ میل بنی۔
وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر، چوہدری انوارالحق نے اپنے پیغام میں کہا کہ سردار ابراہیم ایک اصول پسند اور باکردار لیڈر تھے، جنہوں نے 1915 سے 2003 تک اصولوں پر ڈٹی ہوئی زندگی گزاری۔ انہوں نے کبھی اپنے مؤقف سے پیچھے قدم نہیں ہٹایا۔
وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ غازیِ ملت نے آزادی کی جدوجہد میں نہ صرف سیاسی بلکہ عسکری قیادت بھی کی، اور ہر میدان میں ایک سچے قائد کا کردار ادا کیا۔