ڈھاکہ:بنگلہ دیش کی سابق وزیرِ اعظم خالدہ ضیا کی نمازِ جنازہ دارالحکومت ڈھاکہ میں عقیدت و احترام کے ساتھ ادا کی گئی۔ نمازِ جنازہ میں بنگلہ دیش کی عبوری حکومت کے چیف ایڈوائزر محمد یونس سمیت متعدد اہم سیاسی و سرکاری شخصیات نے شرکت کی، جبکہ پاکستان کی قومی اسمبلی کے سپیکر سردار ایاز صادق بھی اس موقع پر موجود تھے۔
نمازِ جنازہ پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے میا ایونیو میں ادا کی گئی، جہاں عوام کی بڑی تعداد سابق وزیرِ اعظم کو آخری سلام پیش کرنے کے لیے جمع ہوئی۔ عوام کے ٹھاٹھیں مارتے سمندر نے مرحومہ کی سیاسی خدمات اور عوامی مقبولیت کا واضح ثبوت دیا۔ موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے، جبکہ فضا رنج و غم سے بھرپور رہی۔