Wed, September 16, 2026

ایلون مسک کی xAI نے ایکس (سابق ٹوئٹر) کو 33 ارب ڈالر میں خرید لیا

ایلون مسک کی xAI نے ایکس (سابق ٹوئٹر) کو 33 ارب ڈالر میں خرید لیا

واشنگٹن : ایلون مسک کی مصنوعی ذہانت کی کمپنی xAI نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (جو پہلے ٹوئٹر کے نام سے جانا جاتا تھا) کو 33 ارب ڈالر میں خرید لیا ہے۔ اس معاہدے کی کل قیمت 45 ارب ڈالر ہے، جس میں 12 ارب ڈالر کا قرض بھی شامل ہے۔ اس خریداری کے بعد xAI اور ایکس آپس میں ضم ہو جائیں گے اور اس کا مقصد ایکس کو ایک جدید اے آئی سسٹم میں تبدیل کرنا ہے۔

مسک نے ایکس پر اس معاہدے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس انضمام سے xAI کی مالیت 80 ارب ڈالر تک پہنچ جائے گی، جبکہ ایکس کی قیمت 33 ارب ڈالر ہو گئی ہے۔ واضح  رہے کہ مسک نے 2022 میں ایکس (سابق ٹوئٹر) کو 44 ارب ڈالر میں خریدا تھا۔

ایلون مسک کا کہنا تھا کہ "xAI اور ایکس کا مستقبل آپس میں جڑا ہوا ہے، اور ہم آج ڈیٹا، ماڈلز، کمپیوٹنگ اور ٹیلنٹ کو یکجا کر رہے ہیں۔" اس انضمام سے xAI کی جدید اے آئی صلاحیتیں اور ایکس کے وسیع صارف نیٹ ورک کو ملا کر کئی نئی ممکنات پیدا ہو سکتی ہیں۔

2023 میں مسک نے xAI کی بنیاد رکھی تھی تاکہ جدید مصنوعی ذہانت کے ماڈلز تیار کیے جا سکیں جو اوپن اے آئی، گوگل اور مائیکروسافٹ جیسی کمپنیوں کا مقابلہ کر سکیں۔ حالیہ رپورٹس کے مطابق، xAI نے 10 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری حاصل کی ہے اور اب اس کی مالیت 75 ارب ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔

xAI کا ہیڈکوارٹر سان فرانسسکو میں ہے اور اس کی ٹیم میں وہ ماہرین شامل ہیں جو پہلے جی پی ٹی اور گوگل ڈیپ مائنڈ جیسے منصوبوں پر کام کر چکے ہیں۔ xAI نے اپنا اے آئی چیٹ بوٹ "Grok" بھی متعارف کرایا ہے، جو اوپن اے آئی کے چیٹ جی پی ٹی اور گوگل کے جیمینائی جیسے ماڈلز کا مقابلہ کرنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا تھا۔ گروک کی مقبولیت تیزی سے بڑھی اور اسے ایکس کے ساتھ انٹیگریٹ کر لیا گیا ہے، جس سے اس کی کارکردگی اور مواد کی فراہمی مزید بہتر ہو گئی ہے۔

ٹیگز: