راولپنڈی : راولپنڈی انتظامیہ نے شدید بارشوں اور ممکنہ خطرناک موسم کے پیش نظر 28 جون سے 27 جولائی تک شہر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی ہدایت پر جاری نوٹیفکیشن کے مطابق نلہ لئی اور دیگر نالوں میں نہانے، تیرنے، یا پانی میں کھیلنے پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ اس کے علاوہ ان جگہوں کے قریب غیر ضروری گھومنے پھرنے یا اجتماعات کرنے کی بھی اجازت نہیں ہو گی۔
ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ قانون کی خلاف ورزی پر کارروائی کی جائے گی، اس لیے شہری احتیاط کریں اور حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔
انہوں نے ہدایت دی ہے کہ یہ نوٹیفکیشن تمام سرکاری دفاتر، عدالتوں اور عوامی مقامات پر واضح طور پر لگایا جائے تاکہ لوگ بروقت خبردار ہو سکیں۔