Wed, September 16, 2026

وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو سلام، دہشت گردی کی ہر سازش ناکام بنانے کا عزم

وزیراعظم کا سیکیورٹی فورسز کو سلام، دہشت گردی کی ہر سازش ناکام بنانے کا عزم

خضدار میں کامیاب آپریشن، وزیراعظم نے سیکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہ دیا

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع خضدار میں انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر کیے گئے کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور جرات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ملک سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی۔

وزیراعظم کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ خضدار میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنہ الہندوستان سے وابستہ دہشت گردوں کے خلاف بروقت اور مؤثر کارروائی سیکیورٹی فورسز کی بہترین حکمت عملی کا ثبوت ہے۔

شہباز شریف نے آپریشن کے دوران چار دہشت گردوں کو ہلاک کرنے اور دھماکا خیز مواد سے بھری دو گاڑیوں کو تباہ کر کے دہشت گردی کے ایک بڑے منصوبے کو ناکام بنانے پر فورسز کی کارکردگی کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے امن کو نقصان پہنچانے کی ہر سازش کو اسی عزم اور قوت کے ساتھ ناکام بنایا جائے گا اور دشمن کے مذموم عزائم کو کبھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں پوری شدت کے ساتھ جاری رہیں گی، تاکہ عوام کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم اپنی مسلح افواج اور سیکیورٹی اداروں کے ساتھ کھڑی ہے اور وطن کے امن، استحکام اور سلامتی کے لیے ان کی پیش کردہ قربانیوں کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
 

ٹیگز: