Wed, September 16, 2026

پاکستان کی قیادت کا ترکیہ کے 102ویں یومِ جمہوریہ پر پیغام

پاکستان کی قیادت کا ترکیہ کے 102ویں یومِ جمہوریہ پر پیغام

اسلام آباد : پاکستان کی اعلیٰ قیادت نے ترکیہ کے 102ویں یومِ جمہوریہ کے موقع پر ترک عوام اور صدر رجب طیب اردوان کو دل سے مبارکباد دی ہے اور دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ ترک قوم کی استقامت اور ویژن دنیا کے لیے ایک مثال ہیں۔ انہوں نے مصطفیٰ کمال اتاترک کی قیادت کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اتاترک نے ترکیہ کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا، اور اس جدوجہد کو پاکستان کے بانی قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ اقبال نے ہمیشہ سراہا۔ صدر زرداری نے یہ بھی کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات میں تاریخی اور مذہبی تعلقات کی گہری جڑیں ہیں، اور دونوں ممالک نے ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے بھی اپنے پیغام میں کہا کہ ترکیہ نے صدر اردوان کی قیادت میں عالمی سطح پر اپنی ترقی اور معیشت کو بہتر بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے تعلقات صرف دو ممالک کے نہیں، بلکہ دو عظیم اقوام کے درمیان بھائی چارے کی مثال ہیں جو وقت کی قید سے آزاد ہیں۔ ان کے مطابق، دونوں ممالک کے تعلقات اسٹریٹجک شراکت داری کے ایک نئے دور میں داخل ہو چکے ہیں۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ترکیہ کی خودمختاری اور قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ مصطفیٰ کمال اتاترک کے وژن سے شروع ہونے والا ترقی کا سفر آج صدر اردوان کی قیادت میں نئی بلندیوں کو چھو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کا رشتہ جغرافیائی حدود سے بالاتر ہے اور دونوں ممالک نے ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے، خاص طور پر مسئلہ کشمیر پر ترکیہ کا اصولی مؤقف پاکستانی عوام کے دلوں میں ہمیشہ زندہ رہے گا۔

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بھی ترک عوام اور صدر اردوان کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ترکیہ پاکستان کا برادر ملک ہے اور پاکستانی عوام اپنے ترک بھائیوں کی خوشیوں میں شریک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک ترک تعلقات محض دو ممالک کے نہیں، بلکہ دو عظیم اقوام کے درمیان محبت، ثقافت، اور تجارت کے رشتہ ہیں۔

ٹیگز: