کراچی : پاکستان کی تاجر برادری نے ترکیہ کے ساتھ اقتصادی و برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ’سپورٹ ترکیہ‘ کے نام سے ایک خصوصی مہم کا آغاز کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (FPCCI) کے قائم مقام صدر نے کہا ہے کہ:
"ترکیہ سے درآمدات، بالخصوص خام مال اور تجارتی اشیاء کی فراہمی میں فوری اضافہ کیا جائے گا، تاکہ دونوں ملکوں کے درمیان معاشی روابط کو تقویت ملے۔"
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی تاجر ترکیہ کو غیر معمولی انداز میں سپورٹ کریں گے، اور یہ تعاون روایتی تجارتی حدود سے بڑھ کر ہو گا۔
یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب ترکیہ کی جانب سے حالیہ پاک بھارت کشیدگی پر پاکستان کی حمایت کے بعد بھارت میں ترکیہ کے خلاف ردعمل میں شدت آ گئی ہے۔
بھارتی حکومت نے ترک ایئرپورٹ سروس کمپنی "جلیبی" کی سیکیورٹی کلیئرنس منسوخ کر دی ہے، جس کا جواز قومی سلامتی کے خدشات کو قرار دیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پونے کے تاجروں نے ترک سیبوں کے بائیکاٹ کی مہم شروع کر دی ہے اور دیگر تاجر بھی ترک مصنوعات کا مقاطعہ کرنے کی بات کر رہے ہیں۔
پاکستانی تاجر تنظیموں کا کہنا ہے کہ:"ترکیہ نے ہر مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے، اور اب وقت آ گیا ہے کہ پاکستان بھی اپنے دیرینہ دوست ملک کے ساتھ عملی یکجہتی دکھائے۔"