اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے حملے میں زخمی ہونے والے سیکیورٹی اہلکاروں کی سی ایم ایچ بنوں میں عیادت کی۔ انہوں نے زخمی جوانوں سے ملاقات کی، ان کی خیریت دریافت کی اور جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔
محسن نقوی نے جوانوں کے حوصلے کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ "آپ جیسے بہادر بیٹے ہوں تو کوئی دشمن قوم کو شکست نہیں دے سکتا۔" انہوں نے کہا کہ ان جوانوں کا جذبہ دیکھ کر دہشت گردی کے خلاف ہمارا عزم مزید مضبوط ہو گیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پوری قوم ان سپاہیوں کی قربانیوں کو سلام پیش کرتی ہے اور ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ ان کے ہمراہ آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید بھی موجود تھے جنہوں نے بھی زخمی اہلکاروں کی خیریت دریافت کی۔