اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نے یومِ بحریہ کے موقع پر پاک بحریہ کے بہادر جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ آپریشن سومناتھ پاک بحریہ کی شاندار تاریخ اور بہادری کی یاد دلاتا ہے۔ 7 اور 8 ستمبر 1965ء کی شب کیا گیا آپریشن سومناتھ پاک بحریہ کے عزم، جرأت اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظہر تھا۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ پاک بحریہ جدید ٹیکنالوجی کے مطابق اپنی صلاحیتوں کو مسلسل بہتر اور جدید بنا رہی ہے، جو ملکی دفاع کے لیے قابلِ فخر امر ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ 8 ستمبر پاک بحریہ کے عزم، شجاعت اور ثابت قدمی کی یاد تازہ کرنے والا قابلِ فخر دن ہے۔ اسی روز پاک بحریہ نے بھارتی بحری تنصیب دوارکا کے خلاف تاریخی آپریشن ’’سومناتھ‘‘ کامیابی سے انجام دیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاک بحریہ کے سرفروشوں کی بہادری اور قربانیاں قوم کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہیں گی۔