Wed, September 16, 2026

یوتھ پروگرام پر بریفنگ ،وزیراعظم کی نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے پر زور

یوتھ پروگرام پر بریفنگ ،وزیراعظم کی نوجوانوں کو جدید مہارتوں سے آراستہ کرنے پر زور

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود نے ملاقات کی، جس میں یوتھ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں اور مستقبل کے اقدامات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں رانا مشہود نے وزیراعظم کو یوتھ پروگرام کے مختلف منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نوجوانوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے لیے مؤثر اور جامع حکمت عملی مرتب کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کی تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت اور جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ حکومت نوجوانوں کو تعلیم، روزگار اور ہنر کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہنر مند افرادی قوت ملکی معیشت اور صنعت کی ترقی میں اہم کردار ادا کرتی ہے، جبکہ تعلیم یافتہ اور باصلاحیت نوجوان پاکستان کے روشن مستقبل کی بنیاد ہیں۔

ٹیگز: