اسلام آباد :الیکشن کمیشن آف پاکستان نے این اے-1 چترال سے منتخب رکن قومی اسمبلی عبداللطیف چترالی کو نااہل قرار دیتے ہوئے ان کی نشست خالی قرار دینے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔
الیکشن کمیشن نے آج دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا، جو چند گھنٹوں بعد سنا دیا گیا۔ چترالی کی نااہلی کے ساتھ ہی حالیہ دنوں میں تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے مزید تین رہنما بھی اپنی نشستوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے سینیٹر اعجاز چوہدری، ایم این اے احمد چٹھہ اور ایم پی اے احمد خان بھچر کو بھی نااہل قرار دیا تھا۔ یہ تینوں رہنما 9 مئی کیسز میں انسداد دہشت گردی عدالت سے 10،10 سال قید کی سزائیں حاصل کر چکے ہیں۔
اعجاز چوہدری کی سینیٹ نشست، احمد چٹھہ کی این اے-66 وزیرآباد اور احمد خان بھچر کی پی پی-87 میانوالی کی نشستیں بھی خالی قرار دی گئی ہیں۔
الیکشن کمیشن کے ان مسلسل اقدامات سے واضح ہے کہ عدالتی سزاؤں اور دہشت گردی کیسز میں ملوث عوامی نمائندوں کے خلاف سخت کارروائی جاری ہے۔