لاہور: سینیٹر عرفان صدیقی کے انتقال کے بعد خالی ہونے والی سینیٹ کی جنرل نشست کے لیے ضمنی انتخاب کا اعلان کر دیا گیا ہے۔ صوبائی الیکشن کمشنر نے بطور ریٹرننگ آفیسر باقاعدہ پبلک نوٹس جاری کر دیا۔
ترجمان الیکشن کمیشن پنجاب کے مطابق امیدوار 4 اور 5 دسمبر 2025 کو ریٹرننگ آفیسر کے دفتر میں اپنے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرا سکیں گے۔ نامزد امیدواروں کی ابتدائی فہرست 6 دسمبر کو جاری کی جائے گی۔
الیکشن شیڈول کے مطابق کاغذاتِ نامزدگی کی جانچ پڑتال 8 دسمبر تک مکمل ہوگی، جبکہ منظوری یا مسترد کیے جانے کے خلاف اپیلیں 10 دسمبر تک دائر کی جا سکتی ہیں۔ اپیلوں پر فیصلے 12 دسمبر تک سنائے جائیں گے۔ اس کے بعد امیدواروں کی حتمی فہرست 13 دسمبر کو شائع کر دی جائے گی۔
امیدوار 15 دسمبر تک اپنے کاغذاتِ نامزدگی واپس لینے کے اہل ہوں گے۔ ضمنی انتخاب کے لیے پولنگ 24 دسمبر 2025 کو صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک پنجاب اسمبلی میں منعقد ہوگی۔
کاغذاتِ نامزدگی ریٹرننگ آفیسر کے دفتر، 10 کورٹ اسٹریٹ لاہور، میں جمع کروائے جائیں گے۔